جامعہ کے زیر تعمیر ومجوزہ تعمیری منصوبے
وضو خانہ وطہارت خانہ
دارِ جدید علاقہ میں الحمدللہ تمام طلبہ واساتذہ قیام پذیر ہیں، اور تمام شعبہ جات سوائے حفظ وقرأت کے یہاں منتقل ہوچکے ہیں، ظاہر ہے ان کی ضروریات بھی اسی طرح بڑھی ہیں۔۔۔ مسجد ریاض الجنۃ (فیض رشیدی) کے نمازیوں کیلئے ابھی تک شایانِ شان وضوخانہ اور باقاعدہ طہارت خانہ کا انتظام نہیں ہوسکا ہے۔ اس پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیاہے لیکن منصوبہ کی تکمیلات بھی اسی وقت ممکن ہیں کہ جب اس کیلئے کم ازکم دس لاکھ روپیہ کی رقم مزید حاصل ہو، اس سلسلہ میں جدوجہد جاری ہے
اور اہل خیر حضرات کی نظر کرم درکار ہے۔
دورۂ حدیث شریف، افتاء ودیگر درسی کتب کیلئے سرمایہ:
جامعہ نے اپنی قدامت اور حسنِ کار کردگی، اکابر وسرپرستان گرامی کے اصرار پر دورۂ حدیث شریف وافتاء کا قیام کیا، بہرکیف ان حضرات کی سرپرستی اور قدرے وسائل اور عمارتوں کی تکمیل بالخصوص دارالحدیث اور عربی درسگاہوں کے انتظامات نے حوصلہ بخشا، البتہ حدیث پاک اور افتاء کی اہم اور معروف کتابوں کے لئے اور بعض دیگر درسی کتب اور شروحات کیلئے ابھی بھی بڑی رقم درکار ہے ہرسال مزید سے مزید کی متقاضی اس رقم کا انتظام ماہ رمضان المبارک میں مطلوب ہے، کتابوں کی خریداری میں حصہ لینا صدقۂ جاریہ ہے، ذاتی طور پر اور اپنے مرحوم والدین اور اہل خانہ کے دائمی اجروایصالِ ثواب کیلئے مخیر حضرات اور معاونین اسمیں حصہ لے سکتے ہیں۔ گویا کہ عربی درسگاہوں میں واقع دارالمطالعہ کیلئے کتب کی خریداری ہونی ہے جس کے لئے تین لاکھ روپیہ کی فوری ضرورت ہے۔
جدید مہمان خانہ
جامعہ کے معاونین، متعلقین، بہی خواہان ومعتقدین کی آمد برابر ہوتی رہتی ہے، جامعہ کے جدید تعمیری وتعلیمی منصوبوں کوملاحظہ کرنے اور اسکی زیارت کی غرض سے جو افراد تشریف لاتے ہیں ان کے راحت، آرام اور تواضع کیلئے دارجدید علاقہ میں جدید مہمانخانہ کی اشد ضرورت ہے۔ حلقۂ معاونین کرام سے اس ماہ رمضان المبارک میں تعاون کے لئے خصوصی اپیل ہے۔ اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے تقریبا سات لاکھ روپیہ کی ضرورت ہے۔
مطبخ ومطعم
گلزار حسینیہ جونےئر ہائی اسکول کے برابر میں مطبخ ومطعم کے نام سے ایک وسیع عمارت تیار کی گئی ہے، اس عمارت میں اناج گودام،سلاٹر ہاوس،چکی، گندم صاف کرنے کی مشین ،کینٹین اسٹاف روم، لکڑی گودام، وغیرہ شامل کرنے کا پروگرام تھا، جن میں بیشتر کام بفضلہ تعالیٰ پورے کرلئے گئے ہیں تاہم اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے ابھی بھی خطیر سرمایہ درکار ہے، براہ کرم اہل خیر حضرات ماہ رمضان المبارک میں اور اسکے بعد اپنا فراخدلانہ تعاون وجذبۂ ایثار پیش فرماکر عند اللہ ماجور ہوں۔
جدید بلڈنگ ’’مدرسہ عائشۃ للبنات‘‘
جامعہ کا یہ اہم شعبۂ تعلیم اس بات کو شدت سے محسوس کر رہا تھا کہ بچیوں کی تعداد کے اعتبار سے مدرسہ کی جگہ بالکل نا کافی ہے اطراف وجوانب میں جگہ کی تلاش جاری تھی۔ چنانچہ دار قدیم کے بالکل آغوش میں جگہ دستیاب ہوگئی ہے الحمدللہ اسکا تین منزلہ نقشہ اور اس کے مطابق ایک منزلہ عمارت بھی تعمیر ہوچکی ہے، جس میں سردست پرائمری درجات کی کلاسوں کے علاوہ طالبات کو کمپیوٹر اور سلائی کڑھائی کی تربیت دی جارہی ہے اس عمارت کی تکمیل کیلئے بھی تقریبا گیارہ لاکھ روپیہ کی رقم درکار ہے جسکی تکمیل کے اسباب اللہ تعالیٰ پیدا فرمائیں گے۔۔۔۔۔۔ معاونین گرامی خصوصی توجہ مبذول فرمائیں ۔
دارالمدرسین (اضافہ)
اساتذہ کرام کی رہائشی ضروریات کی تکمیل کیلئے کم از کم نصف درجن مکانات (فیملی کواٹرس) کی شدید ضرورت ہے جس کے لئے جگہ مختص کرلی گئی ہے، اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے تقریباً ۱۳؍لاکھ روپیہ کے سرمایہ کی فوری ضرورت ہے، محبانِ مدارس وعلماء نواز اصحابِ خیر سے اس سلسلہ میں دستِ تعاون بڑھانے کی اپیل ہے۔
دارالطلبہ (ہاسٹل بلڈنگ)
دارِ جدید میں واقع مہمانانِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رہائش کیلئے دارالاقامہ کی کشادہ عمارت موجود ہے، تاہم اس سہ منزلہ پروجیکٹ میں ابھی صرف گراؤنڈ فلور تیار ہے جو گذشتہ ۱۰؍برس سے طلبہ کے زیر استعمال ہے اور موجودہ ضروریات کے لحاظ سے ناکافی ہے، اس کی پہلی منزل نصف عمارت کی تعمیر کیلئے ۲۰؍لاکھ روپئے کی رقم فوری طور پر درکار ہے، امید ہے کہ مخیرانِ ملت اسلامیہ اس طرف سنجیدگی سے توجہ فرماکر اپنے لئے ذخیرہ آخرت مہیا فرمائیں گے۔
پرائمری وجونیئر ہائی اسکول
عقائد کی درستگی واصلاح اور بنیادی دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم سے نونہالانِ امت کو آراستہ کرنے کیلئے قائم کیا گیا جامعہ کا یہ اسکول طلبہ وطالبات اور ہر ایک کیلئے اطفال وپرائمری وجونیئر کئی الگ الگ سیکشنوں میں تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے، جس کے لئے موجودہ عمارت ناکافی ہے، طلبہ وطالبات کی روز افزوں تعداد اور تعلیمی تقاضوں کے تحت ضروری تعمیر کیلئے ۲۵؍لاکھ روپئے کی رقم اس مد میں بھی درکار ہے، ہمیں قوی توقع ہے کہ تعلیم وتعلم کے قدردان اہل خیر مسلمین مخلصین اس تعمیر کیلئے بھی سرمایہ فراہم کرکے اس تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی حصہ داری درج کرائیں گے۔